وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا جس میں پنجاب میں الیکشن کے لیے فنڈز کا معاملہ زیرغور ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت پنجاب الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے یانہ دینےکافیصلہ کرےگی۔
وزیراعظم ویڈیولنک پر وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں، بیشتر کابینہ اراکین ویڈیولنک پر اجلاس میں شریک ہیں، وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ، ساجد طوری، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام ، وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیرمملکت ہاشم نوتیزئی وزیراعظم ہاؤس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا ایازصادق، سعدرفیق سمیت کابینہ کےچند اراکین ماڈل ٹاؤن لاہور سے شریک ہیں، وفاقی کابینہ اجلاس میں حکومتی قانونی ٹیم بھی شریک ہے، اجلاس میں اہم نوعیت کے امورپرغور جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، صدر کے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل واپس بھجوائے جانے پربھی غور ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرےگی، اجلاس میں قانونی مشاورت اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق حکمت عملی پربات ہوگی۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے چند روز قبل عدالتی اصلاحات کا بل منظور کر کے توثیق کے لیے صدر پاکستان کو بھیجا تھا تاہم صدر عارف علوی نے بل نظر ثانی کے لیے واپس پارلیمنٹ کو بھیج دیا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بادی النظر میں یہ بل پارلیمنٹ کے اختیار سے باہر ہے، بل قانونی طور پر مصنوعی اور ناکافی ہونے پر عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے، میرے خیال میں اس بل کی درستگی کے بارے میں جانچ پڑتال پوری کرنے اور دوبارہ غور کرنے کے لیے واپس کرنا مناسب ہے۔