|

وقتِ اشاعت :   April 15 – 2023

لسبیلہ: چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ کوسٹل بیلٹ اور لسبیلہ کی ماسٹر پلاننگ میں ہنگلاج ماتا مندر کو بھی ترقیاتی پیکج میں شامل کیا گیاہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو صوبائی کابینہ اور صوبے کے تمام افسران ہنگلاج ماتا میلے میں شرکت کرنے والے بلوچستان سندھ اور پاکستان کے ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے یاتریوں کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کے روز ہنگلا ج ماتا مندر کے دورے کے موقع پر ہنگلاج شیوا منڈلی اراکین ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری مذہبی اقلیتی اْمور نور محمد جوگیزئی ،سیکرٹری C&Wعلی اکبر بلوچ ،چیف انجینئر مواصلات ڈاکٹر سجاد ،سیکرٹری PHEصالح محمد ،ڈائریکٹر PDMAنصیر ناصر ،ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مراد خان کاسی ،ایم پی اے و چیئرمین اقلیتی کمیشن مکھی شام لعل لاسی اور ہنگلاج شیوا منڈلی کے کمیٹی کے جنرل سیکرٹری ورسی مل ،صدر مکھی ونود کمار،کونسلر پرکاش کمارڈاکٹر تولہ رام و دیگر موجود تھے ۔

چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہاکہ ہنگلاج ماتا کا سالانہ سہ روزہ میلہ بلوچستان میں مذہبی رواداری کی مثال ہے ہماری کوشش ہے کہ مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ یہاں آنے والے ہندو یاتریوں کو وہ تمام تر بنیادی سہولیات میسر ہوں جو ملک کے دیگر علاقوں کی مذہبی اقلیتوں کو حاصل ہیں انھوں نے کہاکہ ہنگلاج ماتا میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور عدم پیش رفت کی عوامی شکایات سامنے آنے پر ہم نے فوری طور پر نوٹس لیکر سیکرٹریز کی ٹیم بھیجی اور میرے دورے کا مقصد یہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کے پیش رفت کا جائزہ لینا اور ترقیاتی فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ممکنہ اقدامات کرنا ہے چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ ہنگلاج ماتا مندر کا سالانہ گرانٹ بڑھانے کیلئے کوششیں کرونگا انھوں نے کہاکہ ماسٹر پلاننگ کے تحت ہنگلاج ماتا مندر میں آنے والے یاتریوں کی رہائش کیلئے جدید طرز تعمیر کے ہوسٹل بھنڈارہ ہال پارک اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے ہماری کوشش ہے کہ جو ترقیاتی کام جاری ہیں انہیں رواں سال مالی جون تک مکمل کیا جائے اور ماسٹر پلان منصوبے میں شامل ہنگلاج ماتا مندر منصوبوں کو آئندہ مالی سال 2024 ء کی مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا جائے۔

انھوں نے کہاکہ انتظامی افسران سے لیکر سیکرٹری لیول تک سرکاری افسران روزانہ کی بنیاد پر میلے کے انتظامات کا جائزہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں چیف سیکرٹری نے کہاکہ 28اپریل سے 30اپریل تک سہ روزہ سالانہ ہنگلاج میلے میں میڈیکل کیمپ ،ریسکیو کیمپ،24گھنٹے ہیلپ لائن کی سہولت اور ہنگلاج مندر کے داخلی و خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ کیلئے پولیس کے جوان تعینات ہونگے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ اور ہنگلاج شیوا منڈلی کمیٹی سے میلے کے حوالے سے روابط میں ہوں ہم نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن واضح احکامات دیئے ہیں قبل ازیں چیف سیکرٹری بلوچستان نے ہنگلاج ماتا مندر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بلوچستان کے سرحدی علاقوں سے آٹا اور یوریا کھاد کی اسمگلنگ روکنے کیلئے وفاقی حکومت نے اینٹی اسمگلنگ ٹاسک فورس قائم کی ہے جس میں وفاقی وزیر داخلہ ،چیمبر آف کامرس ،کسٹم ،ایف سی ،اور دیگر اسٹیک ہولڈر شامل ہیں انھوں نے کہاکہ اسمگلنگ کی روک تھام صرف انتظامیہ کی نہیں بلکہ کسٹم کا مینڈیٹ ہے تمام ریاستی ادارے ملکر یوریا کھاد اور چینی کی اسمگلنگ کرنے والے مافیا کے خلاف جوائنٹ ایکشن لیں گے چیف سیکرٹری نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہ پرویشنل اینٹی ا سمگلنگ ٹاسک فورس کی میٹنگ میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے بہت جلد اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات کو عوام الناس نتیجہ خیز دیکھیں گے۔