دبئی کی ایک رہائشی عمارت کی چوتھی منزل میں آتشزدگی کے سبب 16 افراد ہلاک جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے خلیج ٹائمز کے مطابق ترجمان سول ڈیفنس نے بتایا کہ دبئی کے گنجان آباد علاقے الرس کی رہائشی عمارت میں لگی تھی۔
دبئی سول ڈیفنس آپریشنز روم کو سب سے پہلے دوپہر 12 بج کر 35 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع دی گئی، ایک ٹیم 6 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئی اور انخلا اور آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کر دیں، آگ پر 2 بج کر 42 منٹ پر قابو پالیا گیا جس کے بعد کولنگ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ فائر فائٹرز آگ بجھانے کے عمل میں مصروف رہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عمارت میں سیکیورٹی اور سیفٹی کے تقاضوں کی پابندی نہ ہونے کی وجہ سے آگ لگی، متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فراہم کرنے کے لیے جامع تحقیقات کر رہے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے عمارت سے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے، سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے سیاہ دھواں اور بھڑکتے شعلے دیکھے گئے، متعدد فائر انجن اور ریسکیو ورکرز ریکارڈ وقت میں جائے وقوعہ پر پہچنا شروع ہوگئے۔
عمارت میں واقع ایک دکان میں کام کرنے والے کاریگر کا کہناتھا کہ ’ہم نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی تاہم اس لمحے میں ہم یہ نہیں جان سکے کہ کیا ہو رہا ہے؟ بعدازاں ہم نے کھڑکی سے دھوئیں اور آگ کے بادل دیکھ‘ ۔
کاریگر اور چند دیگر افراد نے لوگوں کو باہر نکالنے کے لیے عمارت میں گھسنے کی کوشش کی لیکن دھوئیں کی وجہ سے کچھ نہ کر سکے، انہوں نے بتایا کہ ’ہر طرف دھواں تھا اور ہمیں کچھ نظر نہیں آرہا تھا لہذا ہم نے عمارت سے باہر نکلنے اور پولیس کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا‘۔
فائر انجن، فائر مین اور پولیس افسران کچھ ہی دیر میں جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے اور ایک کرین کی مدد سے لوگوں کو ریسکیو کیا، ان کی تیز رفتار کارروائی نے بہت سی جانیں بچانے میں مدد کی۔
زندہ بچ جانے والے مکین راتوں رات بے گھر ہوگئے کیونکہ حکام نے حفاظتی وجوہات کی بنا پر عمارت کو سیل کر دیا ہے، حکام نے عمارت میں موجود فلیٹس اور کمرشل آؤٹ لیٹس کو سیل کیا ہے اور رہائشیوں کو اگلے نوٹس تک کسی اور جگہ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سول ڈیفنس کے مطابق بتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عمارت میں سیکیورٹی اور سیفٹی تقاضوں کی پاسداری نہ ہونے کی وجہ سے آگ لگی، متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فراہم کرنے کے لیے جامع تحقیقات کر رہے ہیں۔