|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2023

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وڈھ کے قریب قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں پانچ زیر تربیت پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہو نے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ المناک حادثہ میں قیمتی جانی ضیاع پر انتہائی افسوس ہوا سوگوار خاندانوں سے تعزیت ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور محکمہ صحت کو فوری امدادی سرگرمیوں اور زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے و زیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت اور سوگوار وں کو صبر جمیل عطا کرے وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا ہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر حادثات میں اضافہ اور قیمتی جانوں کا ضیاع باعث تشویش ہے حادثات کی روک تھام دورویہ شاہراہ کے منصوبے کی تکمیل سے ہی ممکن ہے وزیراعظم محمد شریف سے درخواست ہے کہ شاہراہ کو دو رویہ بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد تیز کر کے اسے جلد مکمل کیا جائے وزیراعلیٰ نے موٹر وے پولیس اور انتظامیہ کو حادثات کی روک تھام کے لئے موثر سٹریٹیجی بنانے کی ہدایت کی ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کی پہلی ایس ایم ای (SME) ترقی کی حکمت عملی کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یہ منظوری محکمہ صنعت و تجارت کی جانب سے ارسال کی گئی ایک سمری پر دی۔قومی ایس ایم ای پالیسی 2021 کے تحت چیف سیکرٹری کی سربراہی میں صوبائی ایس ایم ای ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔

ورکنگ گروپ ایک آسان اور قابل رسائی ایس ایم ای ماحول فراہم کرکے صوبے میں کاروبار کی ترقی میں سہولت فراہم کرے گا۔گروپ ایس ایم ای پالیسی،حکمت عملی کے نفاذ کی نگرانی کرے گا۔قومی ایس ایم ای پالیسی وفاقی حکومت نے تیار کی ہے اور پالیسی ایکشن پلان کو مختصر اور درمیانی مدت کے ایکشن پلان میں تقسیم کیا گیا ہے۔

صوبائی ایس ایم ای ورکنگ گروپ کا اجلاس 05 دسمبر 2022 کو چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا جس میں بلوچستان کی ایس ایم ای ڈویلپمنٹ سٹریٹیجی کے ٹیکنیکل پیپر پر تبادلہ خیال اور صوبائی ورکنگ گروپ نے ٹیکنیکل پیپر، امپلیمینٹیشن مینجمنٹ اسٹرکچر کے قیام اور دیگر سرگرمیوں پر غور کیا گیا۔اجلا س میں صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں بھی یہی تکنیکی پیپر رکھا جائے گا۔