|

وقتِ اشاعت :   April 20 – 2023

شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے تاہم کراچی، لاہور،  اسلام  آباد، پشاور  اور کوئٹہ میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت اب تک موصول نہیں ہوئی ہے۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کر رہےہیں۔ اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کےارکان، محکمہ موسمیات کےنمائندے اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سےچاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں  اکھٹی  کرے گی اور پھر باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں کہیں سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لاہور میں چاند 7 بجکر 10 منٹ تک دیکھا جاسکتا تھا۔

کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی کہا ہے کہ اسے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج 7 بج کر 17 منٹ تک چاند دیکھنے کا وقت تھا۔

اسلام آباد اور کوئٹہ میں بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی ہے۔

زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے رکن حافظ عبدالغفور کا کہنا ہے کہ پشاور میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، ابھی تک کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ، زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس تک ہم بیٹھے رہیں گے، چاند کی شہادت ملنے پر مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔

چاند کی رویت کے حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی رات 9 بجے کے قریب کرے گی۔

محکمہ موسمیات اور فلکیاتی ماہرین یہ امکان ظاہر کر چکے ہیں کہ آج چاند نظر آنا مشکل ہے اور عید الفطر ہفتے کو ہو سکتی ہے۔