|

وقتِ اشاعت :   April 26 – 2023

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سندھ کے علاقے میں ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے میں بلوچستان پولیس کے افسر و اہلکاران کی شہادت کے افسوسناک واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ نے پولیس کی شہادتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دریافت کیا ہے کہ آیا پولیس پارٹی پوری تیاری اور منصوبہ بندی کے ساتھ ڈاکوؤں سے مقابلے کیلئے گئی تھی کیا کوئی سینئر پولیس افسر اس ایکشن کی نگرانی کر رہا تھا اور کیا ڈاکوؤں کے خلاف ریڈ کیلئے سندھ پولیس کے ساتھ پہلے سے کوآرڈینیشن کی گئی تھی۔

وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چئف سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ سپیشل سیکریٹری داخلہ کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے تمام محرکات کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کی جائے وزیراعلیٰ نے پولیس فورس کے اہلکاروں کی شہادت کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردو ں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف ہر کاروائی کی مناسب منصوبہ بندی اور تیاری کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

جس سے قانون نافذ کرنے اداروں کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہ ہو جبکہ دہشت گرد اور سماج دشمن عناصر کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا ممکن ہو سکے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہادر اور دلیر سیکیورٹی اہلکارہماری جان ومال کے محافظ ہیں ہم ان کو کھونے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔