|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2023

اسلام آباد: اتحادی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حکومتی وفد کے سامنے 3 شرائط رکھی گئیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کی شرط تھی کہ رواں سال مئی میں قومی اسمبلی اور دونوں صوبائی اسملیاں تحلیل کی جائیں، 14 مئی کے علاوہ ایک ساتھ انتخابات کے لیے آئین میں ترمیم کی جائے، آئینی ترمیم کے لیے تحریک انصاف کے استعفے واپس لینے ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے یہ شرط بھی رکھی گئی کہ رواں سال جولائی میں ملک بھر میں انتخابات کرائے جائیں۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم نے حکومت کے سامنے اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا، دو گھنٹے کے مذاکرات میں اپنا نکتہ نظر پیش کیا، آئین سے ماورا حل ممکن نہیں ہے، کل دوبارہ ادھر ہی ملاقات ہو گی۔