|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2023

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یکم مئی پر مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن 1886 کے شہدائے شکاگو کی کوششوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ہے اس دن کو منانے کا مقصد مزدوروں کے لئے حق کی آواز بلند کرنا ہے ۔

مزدور کسی بھی معاشرے اور ملک کی مجموعی معاشی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے صنعت کے میدان میں خاطر خواہ ترقی کی ان کی اس ترقی میں انکے مزدوروں کے تعمیری کردار کو یقینا نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہمیں بھی ہنر مند ہیومن ریسورس اور بھرپور افرادی قوت ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

جو مزدور کسی فنی مہارت سے آشنا ہوتے ہیں وہ معاشرے کی تعمیروترقی کا جزو لازم بن جاتے ہیں انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نہ صرف مزدوروں کے حقوق کی موثر ادائیگی میں کوشاں ہے بلکہ محنت کشوں کا استحصال کرنے والوں کو کٹہرے میں بھی لائے گی اور تمام محنت کشوں کے لیے یکساں مواقع اور ضروریات کی فراہمی کو ممکن بنائے گی رنگ و نسل کو بنیاد بنا کر کسی بھی تفریق کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی انہوں نے کہا کہ حکومت تکنیکی تعلیم کی اہمیت سے بھی واقف ہے صوبہ بھر کے پولی ٹیکنیک اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جہاں جدید دنیا کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو اعلی فنی مہارت سے آشنا کر کے ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھار نا ہے کیونکہ دنیا میں تکنیکی مہارت سے آراستہ افرادی قوت کی طلب بہت زیادہ ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسی لیبر پالیسی پر یقین رکھتی ہے جس میں تمام مزدوروں اور محنت کشوں کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی ہو سکے وہ تمام لیبر یونین جو مزدوروں کے حقوق اور جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں صوبائی حکومت نے حال ہی میں گوادر کے ماہی گیروں کو مزدور کا درجہ دیا ہے جو انکے حقوق کی فراہمی کی ضمانت ہے انہوں نے کہا کہ ایک فعال،مثبت اور تعمیری معاشرے کی تشکیل کے لئے ضروری ہے کہ تمام انسانوں کے لئے یکساں ضروریات زندگی دستیاب ہو ں تاکہ معاشرے میں تخریبی سوچ پروان نہ چڑھ سکیدریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے گوشت مرغی اور دیگر اشیاء خورد ونوش کے نرخوں میں اضافے کی عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی فعالی اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جبکہ چیف سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سمیت تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رکھنے کے لئے موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے گرانفروشی کے خلاف بھرپور مہم کا آغاز کیا ہے اور تمام اسٹنٹ کمشنروں اور مجسٹریٹ کو اپنے اپنے علاقوں میں نرخ چیک کرنے اور گرانفروشوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے اسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی نے اتوار کے روز شہباز ٹاؤن اوردیگر علاقوں میں گوشت اور مرغی فروخت کرنے والی دکانوں کا معائینہ کیا اور زیادہ نرخ وصول کرنے اور اوزان و پیمائش میں کمی کے مرتکب دکانوں کو سیل کیا اور موقع پر جرمانے کئیگئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے مہم جاری رکھی جائے گی اور عوامی شکایات کا ازالے یقینی بنایا جائے گا۔