|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2023

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ ہمسایوں جیسے معمول کے تعلقات چاہتا ہے۔

نکئی ایشیا اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ ہمسایوں جیسے معمول کے دو طرفہ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے مگر ہمسایہ ملک کو چاہیے ایسا ماحول بنائیں جو دشمنی اور دہشت گردی سے پاک ہو۔

 

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب پاکستان پر منحصر ہے اس حوالے سے ضروری اقدامات کرے۔

 

خیال رہے کہ بھارت یہ بات کئی مرتبہ بے بنیاد الزام لگاتا ہے کہ پاکستان سے مذاکرات اس وقت تک نہیں ہو سکتے جب تک دہشت گردی پالیسی ترک نہیں کی جاتی۔

پاکستان نے بھارت کے الزامات کی ہمیشہ تردید کی ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ گوا میں ایس سی او کے اجلاس پر پاکستان اور بھارتی وزرائے خارجہ میں باضابطہ ملاقات نہیں ہوئی تھی۔

وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گوا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ پانچ اگست 2019 کو انڈیا نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے جو یکطرفہ فیصلہ کیا، دوطرفہ تعلقات کے اصولوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف وزری کی ہے۔ بھارت کے اس اقدام نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہت متاثر کیا ہے۔ اس ایک اقدام سے انہوں نے اپنی بین الاقوامی کمٹمنٹس کی خلاف ورزی کی ہے۔

واضح رہے کہ فروری 2019 سے پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک نے اپنے اپنے ہائی کمشنرز کو واپس بلا رکھا ہے۔