|

وقتِ اشاعت :   May 26 – 2023

کوئٹہ:  گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو سیف سٹی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات پر نگران کیمرے کی تنصیب کے باوجود جرائم میں کمی کو یقینی بنانے کیلئے ان کی مکمل فعالیت اور استعداد کار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پولیس کے سپاہیوں پر فخر ہیں اور ہم شہدائے پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جمعہ کے روز یادگار شہدائے پولیس پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے موقع پر کیا گورنر بلوچستان کو صوبہ میں امن وامان کی تازہ ترین صورتحال اور ڈیجٹل کنٹرول روم سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ اور دیگر پولیس آفیسرز بھی موجود تھے۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کا قیام اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے حوالے سے محکمہ پولیس کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے پولیس لائن کوئٹہ میں یادگار شہداء پر حاضری دی ۔

اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔دریں اثناء جمعہ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں یونیورسٹیز اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرنے کی کوشش کی جائے ۔

کیونکہ ان سے ہمارا مسقبل اور ہماری آنے والی نسلوں کی زندگیاں وابستہ ہیں. گورنر بلوچستان نے کہا کہ پالیسی سازی میں مفاد خلق کو آولیت دیکر ہی صوبے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔