|

وقتِ اشاعت :   June 7 – 2023

کوئٹہ: صوبائی حکومت عوام کی معیار زندگی بلند کرنے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے رواں سال محکمہ خوراک نے مقرر کردہ 10 لاکھ سے زیادہ گندم کی بوریوں کی خریداری مکمل کی ہے جو کہ محکمہ کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔

اور اس سال صوبے میں آٹے کی قلت کا سامنا نہیں ہوگا۔ 34ویں نیشنل گیمز کی کامیاب انعقاد سے ملک بھر میں صوبے کا مثبت امیج سامنے آیا ہے اور صوبے کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے کہ چیلنجز کے باوجود ایونٹ کو کامیاب بنایا۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے سیکرٹریز کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری لاء عبدالصبور کاکڑ، سیکرٹری پراسیکیوشن غلام علی بلوچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ صالح محمد ناصر سمیت تمام سیکرٹریز جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی پروجیکشن، پی ایس ڈی پی آٹومیشن اور پی ایس ڈی پی 2023-2024 کی تیاری، گندم کی خریداری، ای خدمت سنٹرز کا قیام، ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری، گوگل کی جانب سے بلوچستان کے طلباء کو اسکالرشپس سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ نیشنل گیمز کا کامیاب انعقاد کا سہرا سیکرٹری کھیل بمعہ ٹیم، بلوچستان پولیس، محکمہ سکولز و کالجز، محکمہ تعلقات عامہ، محکمہ تعمیرات و مواصلات و دیگر افسران اور ملازمین کے سر ہے ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے دن رات ایک کرکے اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں تمام بارڈرز کو سیل کردیا جائے گا تاکہ صوبے میں گندم اور آٹے کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ ملک کو شدید مالیاتی رکاوٹوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے سنگین معاشی چیلنجز ہیں۔ وفاقی حکومت کی طرف سے اپنائے جانے والے قومی کفایت شعاری کے اقدامات کا منظور شدہ سیٹ اور صوبوں کو بھی تجویز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بھی کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کے لیے کام کررہی ہے انہوں نے کہا کہ تمام انتظامی آفیسران بجلی اور گیس کی بچت کے لیے اقدامات کریں۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ گوگل کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے اسکالرشپس 1 ہزار سے بڑھا کر 3 ہزار کردی گی ہیں جس سے نوجوان اپنا روزگا کر سکتے ہیں۔ اس کے علاؤہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کے طلباء کے لئے 8000 انٹرن شپ بااختیار نوجوانان پروگرام شروع کیا ہے۔ اور ابھی تک صرف 3000 لوگوں نے اپنے ڈاکومنٹس جمع کیے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے کے دوردراز علاقوں کے طلباء بھی اس پروگرام سے مستفید ہو ں اور اپنے آپ کو www.bnip.gov.pk سے رجسٹرڈ کروائیں۔