|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2023

کراچی کے میئر  کےلیے انتخاب کا عمل جاری ہے جس میں پی پی نے  اپنے امیدوار مرتضیٰ وہاب کو 173 ووٹ ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔

میئر کراچی کے لیے پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کے درمیان مقابلہ ہوا۔

کراچی کے آرٹس کونسل آڈیٹوریم کوپولنگ اسٹیشن قرار دیا جہاں تقریباً 303 منتخب افراد موجود تھے۔

میئر کراچی کے لیے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار مرتضیٰ وہاب کے لیے ووٹنگ مکمل ہوئی جس کے بعد جماعت اسلامی کے امیدوارحافظ نعیم الرحمان  کے لیے ووٹنگ کرائی گئی۔

ذرائع کا کہناہے کہ میئر کراچی کے لیے پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کو مطلوبہ 173 ووٹ مل گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے 30 منحرف اراکین نے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا

میئر کراچی کی ووٹنگ کے لیے پی ٹی آئی کے 30 منحرف اراکین نے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور وہ پولنگ اسٹیشن نہیں پہنچے۔

پی ٹی آئی کے فردوس شمیم سمیت تین ارکان کو بکتر بند میں لایا گیا، اس دوران پولنگ اسٹیشن کے باہر پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان جمع تھے، پولنگ اسٹیشن کے باہر دونوں جماعتوں کے کارکنان نے شدید نعرے بازی کی۔

پولنگ ہال میں داخلے کے لیے صبح ساڑھے 10 بجے تک کا وقت رکھا گیا تھا، اراکین کی شناخت کے لیےآرٹس کونسل کے باہر 4 کاؤنٹرز بنائے گئے تھے ، منتخب نمائندوں کو شناختی کارڈز دکھانے کے بعد ووٹنگ کارڈ جاری کیا گیا،آرٹس کونسل میں اراکین کو موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔

الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا تھا پولیس پولنگ اسٹیشن کے اندر اورباہرہوگی، آر او اور ڈی آر اوکو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہونگے۔

پولیس حکام کے مطابق الیکشن کمیشن عملےکے علاوہ کسی کوپولنگ اسٹیشن میں داخلےکی اجازت نہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار حافظ نعیم الرحمان کو ڈپٹی میئر کراچی کی پیشکش کی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے بہت سارے لوگ 9 مئی کے بعد پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں، پی ٹی آئی کے 40 سے زائد لوگ ہیں جو اپنا علیحدہ گروپ بنا رہے ہیں، اس گروپ کا کہنا ہےکہ نہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں نہ ہی جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔