|

وقتِ اشاعت :   June 16 – 2023

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع نہیں ہو گی، عام انتخابات وقت پر ہوں گے، حکومت نے اس کے لیے فنڈز بھی مختص کر دیے ہیں۔

 

انہوں نے مؤقر ویب سائٹ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا وزیراعظم میاں شہباز شریف نے الیکشن میں تاخیر کے متعلق کبھی بھی گفتگو نہیں کی، الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، وقت پر ہی ہوں گے اور الیکشن کا ہونا ملک کے معاشی و سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع کر کے کسی نے کیا کرنا ہے؟ الیکشن ہونے چاہئیں اور تازہ مینڈیٹ ہونا چاہیے۔

 

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ بغاوت تھی، جو موقع سے پکڑے گئے انہیں تو سزا ملنی ہی ملنی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا پنجاب میں نئی سیاسی جماعتوں کے بننے سے مسلم لیگ (ن) کا مخالف ووٹ ہی تقسیم ہو رہا ہے، ہمیں پنجاب میں انتخابی اتحاد کسی سے نہیں کرنا چاہیے۔

 

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے انڈیپنڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی ہمارا بھی مطالبہ ہے،  ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر ظلم اب ختم ہونا چاہیے۔