|

وقتِ اشاعت :   June 18 – 2023

زیارت :گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہیں کہ بلوچستان کا ہر بچہ اور بچی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں۔

انہوں نے الہجرہ ریزیڈنشل سکول اینڈ کالج کے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ اسٹوڈنٹس کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی اور اخلاق سنوارنے پر بھی توجہ دیں تاکہ وہ معاشرے کا ایک مفید شہری بن سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز گورنر ہاؤس زیارت میں الہجرہ ریزیڈنشل سکول اینڈ کالج کے پرنسپل شبیر احمد کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہماری کل آبادی کا بڑا حصہ جوانوں پر مشتمل ہے لہٰذا ضروری ہے

کہ ہم اپنی نئی نسل کی پوشیدہ صلاحیتوں اور توانائی کو ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے الہجرہ ریزیڈنشل سکول اینڈ کالج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کے اساتذہ کرام پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ پڑھا لکھا اور ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو حقیقت کا رْوپ دینے میں ہماری مدد کریں۔