|

وقتِ اشاعت :   June 22 – 2023

خضدار:  وڈھ میں حالات گزشتہ دو دن سے کشیدہ دکھائی دے رہے ہیں۔ مینگل قبائل ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہیں جب کہ سرداروں اور علمائے کرام کی کشیدہ حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے کوششیں جاری۔تفصیلات کے مطابق خضدار کے قبائلی و سیاسی علاقہ وڈھ میں مینگل قبیلے کے دو گروہوں کے درمیان حالات کشیدہ ہیں ۔

دو نوں قبائل ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہوچکے ہیں قومی ہائی وے این 25 کے مغربی سائڈ پر وڈھ گریڈ اسٹیشن کے قریب دونوں قبائلی افراد اسلحہ سے لیس ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں، قبائل کا ایک دوسرے کے سامنے آنے کی وجہ گزشتہ کئی مہینوں کی سرد جنگ اور محاذ آرائی کا نتیجہ ہے۔

بدھ کی نصف شب علمائے کرام اور سرداروں کا وفد بی این پی کے سربراہ سردار اخترجان مینگل سے وڈھ میں ملاقات کرکے کشیدہ حالات کو کنٹرول کرنے کی استدعا کی اور اسی لمحے میر شفیق الرحمان مینگل سے بذریعہ فون بات کرکے صورتحال پر قابو پانے کی استدعا کی تاہم ان کی کوششیں بے۔

نتیجہ رہیں اور مسلح افراد بدھ کی شام تک اپنی اپنی پوزیشن پر بیٹھے مورچہ زن تھے ضلعی انتظامیہ کی کوششیں بھی رائیگا جارہی ہیں وڈھ واقعہ کے باعث پورا بلوچستان تشویش میں مبتلا اور سب کی نگاہیں وڈھ کے حالات پر لگی ہوئی ہیں۔

زیر نظر ستور تحریر کرنے کے دوران اطلاع ملی ہے کہ علماء کا وفد ایک بار پھر وڈھ میں مصالحت اور جنگ بندی کے لئے وڈھ کی جانب روانہ ہوا ہے۔
دریں اثناء ضلعی انتظامیہ خضدار کی جانب سے وڈھ تنازعہ کے خطرات کو ٹالنے کے لئے مسلسل کوششیں جاری ہیں، ڈپٹی کمشنر خضدار کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد گزشتہ روز سے وڈھ میں موجود اور فریقین سے رابطے میں ہے۔

اس موقع پر ایس ایس پی خضدار فہد خان کھوسہ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ علمائے کرام جے یوآئی کے رہنماء مولانا قمرالدین سینیٹر مولانا فیض محمد سردار نصراللہ خان ساسولی و دیگر بھی تنازعہ کے خطرات کو ٹالنے کے لئے مسلسل کوششیں کررہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر خضدار کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد ایس ایس پی خضدار فہد خان کھوسہ اور علمائے کرام کی وڈھ میں ایک نشست ہوئی انہوں نے وڈھ میں معاملے کو بہتری کی جانب لیجانے کے لئے مشاورت کی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فریقین کو ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی اور کسی بھی اقدام سے روکنے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
ٓدریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو وڈھ پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ وڈھ میں دو فریقین کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لئے پہنچ گئے۔

انہوں نے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور تنازعے کے خاتمے کے لئے دونوں فریقین سے رابطے اور کشیدگی کے خاتمے کی کوشش شروع کردی ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ نے کہا ہے کہ بلو چستان میں قبائلی تنازعات مسائل کا حل نہیں ہیں تمام مسائل اور تحفظات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے کوشش ہے حکومت کی کوشش ہے کہ ذمہ داری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے فریقین کے درمیان افہام و تفہیم سے معاملات کو بہتر بنایا جائے۔