|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2023

سوشل میڈیا ایپ واٹس ایپ پر ہم خیال ممبران شامل کرکے گروپ بنانا اور  اس میں اپنے من پسند لوگوں کو شامل کرنا  اور  برقرار  رکھنا گروپ ایڈمن کی مرضی ہوتی ہے۔

 کسی انفرادی یا اجتماعی ناپسندیدہ حرکت کی وجہ سے کسی ممبر کو گروپ سے نکالنا یا نئے ممبران کو گروپ میں شامل کرنا بھی ایڈمن کی مرضی پر منحصر ہوتا ہے مگر مشرقی افریقا کے ملک یوگنڈا میں واٹس ایپ گروپ سے نکالے جانے پر ایک شہری نے مقامی عدالت سے رجوع کرلیا اور  دلچسپ بات یہ کہ عدالت نے اس کے حق میں فیصلہ بھی دے دیا۔ 

عدالتی حکم پر ایڈمن کو مدعی کو دوبارہ گروپ میں شامل کرنا پڑا

 یوگنڈا کی  چیف مجسٹریٹ کورٹس کے سینیئر مجسٹریٹ گریڈ ون نے واٹس ایپ گروپ کے ایڈمن کو متاثرہ شہری کو گروپ میں دوبارہ شامل کرنے کا حکم صادر فرمایا۔ 

عدالتی حکم پر واٹس ایپ گروپ ایڈمن نے ریموو کیے گئے بیتوا بابو ہربرٹ نامی شہری کو نہ صرف اس گروپ میں دوبارہ شامل کر لیا بلکہ دلچسپ بات یہ کہ اسے”BUYANJA MY ROOTS”نامی واٹس ایپ گروپ کا ایڈمن بھی بنا دیا۔ 

تاہم ردعمل میں عدالتی حکم پر عمل درآمد کے بعد گروپ کے تمام ممبران لیفٹ ہو گئے یعنی گروپ چھوڑ گئے، یوں عدالتی جنگ جیتنے والا شخص اس گروپ کا واحد ممبر اور  ایڈمن رہ گیا اور یقینی طور پر انہوں نے کوئی دوسرا گروپ بنالیا۔

رپورٹ کے مطابق سابقہ گروپ ایڈمن کی اس حرکت پر وہ شہری پھر پریشان ہے اور دوبارہ عدالتی چارہ جوئی کے بارے میں سوچ رہا ہے۔