|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2023

کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ مہذب معاشرے کی تشکیل قانون کے مساوی اطلاق سے مشروط ہے،عوام دوست قانون کی عظمت یہ ہے کہ اس کی نظر میں طاقتور اور کمزور دونوں برابر ہوتے ہیں، قانون کی حکمرانی کے بغیر معاشرے کے نظم و ربط کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ قانون اور انصاف کی بالادستی سے ہی ظلم اور استحصال سے پاک انسانی معاشرے کی نئی راہیں متعین ہو سکتی ہیں اس ضمن میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بالخصوص ضلعی انتظامیہ پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ صوبے بھر کے دیہی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے، عوام کے جان ومال کی حفاظت کرنے سمیت دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔گورنر بلوچستان نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ ہم نے نہ صرف معاشرے کے نحیف اور غریب لوگوں کو یہ احساس دلانا ہے ۔

قانون آپ کا محافظ ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ معاشرے کے اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کو بھی قانون کے دائرے میں رکھنے کیلئے بھی عملی اقدامات کرنے ہونگے۔گورنر نے صوبہ کے ترقی پسند اور روشن فکر افراد پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں جمہوری رویوں کو فروغ دینے، اختلاف رائے کا احترام پیدا کرنے اور انسانی عظمت کو اُجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یونین کونسل کی سطح پر مختلف جرائم میں کمی لانے، منشیات فروشوں کے خلاف بروقت کارروائی کرنے، قومی شاہراہوں پر عوامی سفر کو محفوظ اور بیآواز لوگوں کی آواز بنے کو یقینی بنائیں۔گورنر بلوچستان نے یہ توقع ظاہر کی کہ تمام سرکاری حکام اور ادارے آئندہ بھی ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے