کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر باپ بیٹے کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کوئٹہ شہر میں راہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے اور راہزنوں کے ہاتھوں شہریوں کے قتل کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس بلوچستان سے ایسے واقعات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی جان و مال کو درپیش خطرات کو کم کرنے کے لیے اپنی کارکردگی میں بہتری لائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کوئٹہ کے شہریوں کی شکایات میں اضافہ اور عدم تحفظ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے۔
عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے پولیس کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور پولیس پر عوام کا اعتماد ہر صورت بحال رکھنا ہوگا وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈی آئی جی کوئٹہ شہر میں امن و امان کی بہتری کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر یں اور شہر کے سیکیورٹی پلان کو ازسر نو مرتب کیا جائے انہوں نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے گشت میں اضافہ کیا جائے شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر چیکنگ کا موثر نظام قائم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ائندہ سے جس تھانے کی حدود میں واردات ہوگی اس تھانہ انچارج کو معطل کر کے کاروائی کی جائے گی وزیراعلی نے موٹر سائیکل چھیننے کی واردات میں جان بحق افراد کے خاندان سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا