|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2023

کوئٹہ : جے یوآئی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام آج سویڈن کے خلاف مظاہرہ اور ریلی نکالی جائے گی۔

جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے حکم پر سویڈن میں قرآن مجید کی مسلسل بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہوا ہے۔

جمعیت علماء اسلام بلوچستان کیصوبائی امیرمولانا عبد الواسع کی ہدایات پرضلع کوئٹہ کے امیرمولانا عبدالرحمن رفیق نے اعلان کیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام آج بروز اتوار چار بجے جناح روڈ سے حرمت قرآن ریلی اور بعد ازاں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا جس سے جمعیت علماء اسلام کے قائدین خطاب کریں گے۔

جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ نے تمام مسلمانوں اور جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

دریں اثناء جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان عبدالغنی شہزاد نے کہا کہ مظاہرے میں ضلع بھر کے یونٹوں کے جلوس اور عوام الناس بھر انداز میں شرکت کریں گے۔ ریلی اور مظاہرے کے انتظامات کے لئے شعبہ انصار الاسلام کے سالار حافظ سید سعداللہ آغا کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی۔