|

وقتِ اشاعت :   July 22 – 2023


کوئٹہ: پاک آرمی کی جانب سے ایک دن آرمی کے ساتھ کی مناسبت سے کوئٹہ گریژن میں پروگرام منعقد کیا گیا جس میں بلوچستان یونیورسٹی، بیوٹمز، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور بولان میڈیکل کالج کے 80 سے زائد طلباء و طالبات اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

طلباء وطالبات اور فیکلٹی ممبران نے کوئٹہ کینٹ آمد پر چیک پوسٹ پر موجود پاک آرمی کے جوانوں کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

پاک آرمی کے جوانوں کی جانب سے طلباء و طالبات کا کوئٹہ کینٹ پہنچنے پر بھر پور استقبال کیا گیا۔ ایک روزہ پروگرام کا مقصد طلباء وطالبات میں سکیورٹی سے متعلق آگاہی‘ خود اعتمادی اور جذب حب الوطنی کو مزید اجاگر کرنا تھا۔ طلباء وطالبات نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

طلباء و طلبات کو تاریخی میری فورٹ اور پاکستان گیلری کا دورہ بھی کروایا گیا۔ پاک فوج نے طلباء و طالبات کو جنگ میں زیر استعمال ہونیوالے اسلحے اور آلات کی نمائش اور مختلف اقسام کے اسلحے و جنگی آلات کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔

اس موقع پر طلباء و طالبات کا جذبہ دیدنی تھا۔ انہوں نے اس پروگرام میں گہری دلچسپی لی اور پاک فوج کے عزم و ایثار کو بے حد سراہا.بعد آزاں طالباء و طالبات اور فیکلٹی ممبران نے ہیڈکوارٹر ۱۲ کور کا دورہ کیا اور کمانڈر ۱۲ کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور سے ملاقات کی۔

کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے طلبا وطالبات کو کینٹ آنے اور ایک دن پاک فوج کے ساتھ منانے پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور طلبء وطالبات کو تاکید فرمائی کہ وہ اپنی تعلیم اور ہنرمندی کی نشوونما کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

علاوعہ ازیں نوجوانوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں میں شامل ہونے اور ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔طلباء نے تجسس کے ساتھ زمانہ جنگ اور امن میں سپاہیوں کے معمول کے بارے میں استفسارکیا اور مادر وطن کو درپیش ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کے جذبے کو تہہ دل سے سراہااور اس امر کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو شکست دینے میں پاک فوج تنہا نہیں بلکہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ طلبا و طالبات نے اس دن کو اپنی زندگی کا یاد گار دن قرار دیا۔