|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2023

بلوچستان میں جاری مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے، 8 مکانات، فصلوں اور رابطہ سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے فیصل پانیزئی کے مطابق حالیہ بارشوں سے اموات آواران، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور نصیر آباد کے علاقوں میں ہوئیں، 8 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا، کھڑی فصلیں، رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے تمام متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے مکمل رابطے میں ہے، امدادی سرگرمیوں میں پاک فوج، ایف سی، ضلعی انتظامیہ کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے لسبیلہ میں بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا، انہوں نے کہا کہ بارشوں سے متعلق تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ سے متعلق مراسلہ ارسال کر دیا تھا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیارت میں 39، باکھان 16، لورالائی 15، لسبیلہ 14، اوتھل 12، خضدار 10، کوئٹہ 9، اوستہ محمد 5 اورماڑہ، پنجگور اور سبی میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان اور ساحلی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔