خضدار: چیف آف سراوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی، سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی آج وڈھ پہنچیں گے، جہاں وہ سردار اختر جان مینگل، سردار اسد مینگل اور میر شفیق الرحمن مینگل سے ملاقات، وڈھ اور خضدار میں کچھ روز کیمپ لگائیں گے۔ سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بتایا کہ چیف آف سراوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی سربراہی میں مصالحتی وفد آج بروز ہفتہ کوئٹہ سے خضدار پہنچے گا۔
جہاں سے شیخ الحدیث حضرت مولانا فیض محمد سمانی، کمیٹی کے کنوینئر وڈیرہ غلام سرور موسیانی ودیگر معتبرین و عمائدین کے ہمراہ وڈھ جاکر کوٹ مینگل میں سردار اختر جان مینگل اور میر اسد اللہ مینگل سے ملاقات اور ان کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کرنے کے بعد باڈڑی میں میر شفیق الرحمن سے ملاقات اور ان کی جانب سے دیئے گئے عصرانہ میں شرکت کریگا، انہوں نے بتایا کہ نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی سربراہی میں کچھ روزوڈھ اور خضدار میں کیمپ لگائیں گے اس دوران دونوں فریقین سے ملاقاتوں کیساتھ ساتھ ان کے درمیان جنگ بندی کومستقل بنیادوں پر برقرار رکھنے اور کشیدگی میں مزید کمی لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نواب محمد اسلم خان رئیسانی اور مصالحتی کمیٹی کے ممبران مسلسل دونوں فریقین سے رابطے میں ہیں صوبے کی اجتماعی رائے، وسیع تر مفاد اور اپنے صوبے کو ایک بہت بڑی خون ریزی سے بچانے کیلئے اپنے تمام وسائل، توانائیاں بروئے کارلاکر تاریخی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مصالحتی کوششوں میں شامل معتبرین، وڈھ اور اطراف کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ لوگ جنہوں نے پاکستان اور بلوچستان کیساتھ ساتھ بیرون ملک سے بھی فون اور پیغامات کے ذریعے اپنی مثبت رائے کا اظہار کیا ہے۔
انہیں یقین دلاتا ہوں کہ اپنے بھائیوں کو آئندہ تکلیف سے بچانے کیلئے اپنا کردار آخری حد تک ادا کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ وڈھ میں سردار اختر جان مینگل اور میر شفیق الرحمن مینگل کے درمیان جاری تنازعہ کے پرامن حل کیلئے 19 جولائی کو چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے دونوں فریقین کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کو اس بات پر آمادہ کیا کہ تنازعے کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، 21 جولائی کو نواب محمد اسلم خان رئیسانی، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور نوابزادہ میر رئیس رئیسانی سمیت قبائلی عمائدین پر مشتمل وفد نے وڈھ جاکر دونوں فریقین سے مذاکرات کرکے انہیں عارضی جنگ بندی پر آمادہ کیااور 22 جولائی کودوبارہ فریقین سے ملاقات کرکے انہیں مستقل جنگ بندی پر آمادہ کرکے اس جنگ بندی کو برقرار رکھنے کیلئے 24 جولائی کو شیخ الحدیث حضرت مولانا فیض محمد سمانی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی۔
جس کے کنوینئر وڈیرہ غلام سرور موسیانی ہیں جبکہ کمیٹی کے ممبران میں سردار اسد اللہ مینگل کی جانب سے آغا سلطان ابراہیم احمد زئی، مولوی عبدالصبور مینگل اور میر شفیق الرحمن مینگل کی جانب سے مولوی میر محمد مینگل اور میر شہزاد غلامانی شامل ہیں، عوامی حلقوں نے چیف آف سراوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی، سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کے آج دورہ وڈھ کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواب محمد اسلم رئیسانی کی کوششوں کے نتیجے میں کئی ہفتوں سے جاری تنا? کو کم کرنے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، قوی امید ہے کہ ان کی کوششوں سے مسئلے کا مستقل حل نکل آئیگا۔