|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2023

کوئٹہ :  بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس جناب جسٹس اقبال احمد کاسی پر مشتمل بنچ نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شاہراہوں خصوصا انسکمب روڈ،سریاب روڈ،سبزل روڈ اور سرکی روڈ کی تعمیرو توسیع میں تاخیر سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت کی۔سماعت کے دوران درخواست گزار سید نذیر آغا ایڈووکیٹ،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد علی رخشانی،پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد رفیق،محکمہ ریلوے کے رضوان احمد سومرو پیش ہوئے۔

سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار سید نذیر آغا ایڈووکیٹ نے بنچ سے استدعا کی کہ مذکورہ شاہراہوں پر جاری کام کو مزید تیز کرنے کے احکامات دئیے جائے جس پر بنچ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ شاہراہوں پر جاری تعمیراتی کام کو مزید تیز کریں اور اگر اس سلسلے میں کوئی مسئلہ پیش آئے تو رجسٹرار ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے سماعت کے دوران شاہراہوں پر کام سے متعلق پراگریس رپورٹ بھی جمع کرائی گئی اور بتایا گیا کہ شاہراہوں پر کام جاری ہے۔ بعد ازاں سماعت کو 22اگست تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔