|

وقتِ اشاعت :   August 8 – 2023

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں صوبے کی آبادی کم کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد اورباجوڑمیں بم دھماکے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔

منگل کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر جان محمد جمالی کی زیر صدارت نصف گھنٹے کی تاخیر سے منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت اسد اللہ بلوچ نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بلوچستان کی آبادی کم کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی ،قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوبے کی آبادی کم کرنا ایک سازش ہے۔

اس سے صوبے کی نشستوں میں اضافہ نہیں ہوسکے گا ،وسائل کی تقسیم میں صوبے کے حصے میں بہتری نہیں آئے گی ،اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ 70 لاکھ آبادی کم کرنا صوبے کے خلاف ایک سازش ہے ،ایوان نے مردم شماری میں صوبے کی آبادی کم کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی، رکن اسمبلی نصر اللہ زیرے نے اپنے نام بغیر اجازت قرارداد میں شامل کئے جانے کے خلاف علامتی واک آوٹ کیا، ایوان نے باجوڑ میں جے یو آئی کے جلسے میں بم دھماکے کے خلاف اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ کی پیش کردہ قرارداد منظور کرلی جس کے بعد صوبائی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔