|

وقتِ اشاعت :   August 8 – 2023

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سانحہ سول ہسپتال کے شہداء کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے،بزدل دہشت گردوں نے ہمارے معاشرے کے پڑھے لکھے اور باشعور طبقے کو بربریت کا نشانہ بنایا۔

یہ بات انہوں نے سانحہ8اگست کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام اور حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیںیہ امر باعث اطمینان ہے کہ سانحہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کیفرکردار تک پہنچایا گیاسانحہ میں ہم سے بچھڑنے والے شہید وکلاء کی یادوں کو یقیناً کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے وکلاء کا شمار ملک کے بہترین وکلاء میں ہوتا ہے ہمارے وکلاء شعبہ قانون اور قانونی امور سے متعلق بہتر آگاہی اور ادراک رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان وکلاء کو اسکالرشپ پر بیرون ممالک اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے حکومت بلوچستان نے پاکستان بار کونسل،بلوچستان بار کونسل اور تمام ضلعی بار ایسوسی ایشن کے لئے خصوصی گرانٹ ان ایڈ دی بار باڈیز کے لئے مستقل طور پر مالی سال 2023-24میں بجٹ مختص کیا گیا ہے صوبے میں دیرپا بنیادوں پرامن کے قیام کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے امن ناگزیر ہے امن کے قیام سے معاشرے کے تمام طبقات بلاکسی خوف وخطر اپنے اپنے شعبوں میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کر سکیں گے۔