|

وقتِ اشاعت :   August 8 – 2023

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء چیف آف جھالاوان وسابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بلوچستان کی آبادی کو 70 لاکھ کم ظاہر کرنا صوبے کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے کیونکہ 70 لاکھ آبادی کی کٹوتی سے نہ صرف قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں کمی ہوگی بلکہ بلوچستان کے ہر شعبے کو نقصان پہنچے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلزپارٹی کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی سابق وزیر اعلی بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مردم شماری کے نتائج کو تسلیم کرنا ہی نہیں تھا تو مردم شماری کرانی کی ضرورت ہی کیوں پیش آئی انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات گزشتہ 2 دہائیوں سے خراب رہے اور مخدوش حالات کے باعث مختلف علاقوں کے شہریوں نے سندھ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں نقل مکانی کی جہاں ماجرین کی زندگی گزاری تاہم گزشتہ حکومت میں حالات میں بہتری آئی تو وہ واپس اپنے علاقوں کی جانب منتقل ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صاف اور شفاف ڈیجیٹل مردم شماری ہوئی اور ہم سمجھتے ہیں کہ وقت بھی بلوچستان کے کچھ علاقوں میں مخدوش صورتحال کے باعث لوگ نقل مکانی کرچکے ہیں اور وہ اس ڈیجیٹل مردم شماری کا حصہ نہیں بن سکے اس کے باوجود مردم شماری کے موجودہ نتائج کو ہم نے تسلیم کیا لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وزیر اعظم نے ایک صوبے کو تقویت دیکر بلوچستان کی آبادی پر کٹ لگایا انھوں نے کہا کہ دراصل وفاقی حکومت نے بلوچستان کو مزید 10 سال کیلئے مختلف شعبوں میں محروم رکھنا تھا کیونکہ آبادی میں کمی سے نہ صرف این ایف سی، سرکاری ملامتیں اور ترقیاتی منصوبوں سے محروم رہے گے بلکہ قومی اسمبلی میں بلوچستان کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر رہے گی نواب ثناء￿ اللہ خان زہری نے کہا کہ بلوچستان کو اس وقت ترقی اور دیگر مدعات میں ایک خصوصی پیکج کی ضرورت ہے اور بلوچستان کے شہری پرامید تھے کہ آبادی میں اضافے کے بعد وسائل کی تقسیم زیادہ ہوگی۔

لیکن آبادی میں اضافہ تو ہوا تاہم وفاقی حکومت نے کٹ لگاکر بلوچستان کے شہریوں کو وسائل سے محروم رکھا جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کیلئے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور کوچیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری سے بات کروں گا اور بلوچستان کے حقوق کے لئے ہر پلیٹ کو استعمال کیا جائیگا۔