|

وقتِ اشاعت :   August 9 – 2023

اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت ملک کی پوری سیاسی قیادت نے ہمیں عزت دی اور ساتھ چلایا جس کیلئے ہم ان کے شکرگزار ہیں، بلوچستان کے ایشوز ہم نے بار بار اجاگر کئے ۔

بدھ کواجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ اس سے پہلے سپیکر اور آپ نے بھی ہمیشہ ہماری بات تحمل سے سنی اور ہمیں بات کرنے کا موقع دیا، ہماری باتوں پر عمل تو کسی اور نے کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہ اکہ ہم نے یہاں حکومتیں بنتیں اور ٹوٹتی دیکھیں، ہم نے یہاں ہمیشہ اخلاق کے دائرہ میں رہتے ہوئے اپنا مدعا بیان کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں اس ایوان میں جو فیصلے ہوئے اور قانون سازیاں ہوئیں وہ تاریخ کا حصہ ہیں، ایک دن میں یہاں جتنے بلز منظور ہوئے وہ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ کون جیتا کون ہارا، یہاں سے اچھے فیصلے ہوئے ہیں اور منفی فیصلے آنے والوں کے لئے مکڑی کا جال ثابت ہوں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے ہم سب کو عزت دی اور ساتھ چلایا جس کے لئے ہم ان کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے جے یو آئی، پیپلزپارٹی، بی اے پی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم سمیت ساری سیاسی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے ایشوز وزیراعظم کے سامنے بار ہا رکھے، یہ مسائل ایک ہی دن حل نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر مردم شماری قبول کی،گزشتہ سیلاب میں تین بڑی شاہراہوں کے پل تباہ ہو گئے جو اب تک بحال نہیں ہو ئے ہیں۔