|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2023

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے کابینہ کا اجلاس مرکزی سیکریٹریٹ میں زیر صدارت ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر غلام نبی مری منعقد ہوا۔

جس میں ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی جمیلہ بلوچ مہمان خاص تھی۔

اجلاس میں جنرل سیکریٹری میر جمال لانگو، سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی، نائب صدر طاہر شاہوانی ایڈوکیٹ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ، کسان ماہیگیر سیکریٹری ملک ابراہیم شاہوانی اور ہیومن رائٹس سیکریٹری پرنس رزاق بلوچ نے شرکت کی۔

اجلاس میں 2 ستمبر کو بی این پی اور بی ایس او کے زیر اہتمام قومی راہشون سردار عطا اللہ خان مینگل کی دوسری برسی کے موقع پر کوئٹہ ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں گفت و شنید کی گئی اور انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔

اس کے علاوہ تنظیمی امور اور پارٹی ڈسپلن کو بہتر بنانے کی تجاویز پیش کی گئی اور آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔ اجلاس میں قومی راہشون سردار عطااللہ خان مینگل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ بلوچستان کی سیاسی تاریخ راہشون کی قربانیوں،

جدوجہد اور عظیم کردار کے بغیر نامکمل ہے انہوں نے سیاسی کارکنان کو بلوچستان کے ساحل و وسائل کی دفاع اور ننگ و ناموس کی حفاظت کے لئے جو نظریہ دیا تھا وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ان کی دوسری برسی کو شایان شان طریقے سے منانا ہمارا قومی فریضہ اور ان سے تجدید عہد کا دن ہوگا۔

جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لئے جلد ہی ضلعی سطح پر عوامی رابطہ مہم شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ تشہری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور ابھی سے ذہنی طور پر خود کو تیار کر لیں۔