|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2023


کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میرچنگیز خان جمالی، جنرل سیکرٹری لالا روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان کی انقلاب آفریں جدوجہد قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں مملکت خدادد پاکستان کے قیام کی صورت میں مکمل ہوئی۔

اس گلشن کی تزئین میں لاکھوں مسلمانوں کا لہوشامل ہے۔

76واں یوم آزادی نہ صرف نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہے بلکہ ہمارے بزرگوں نے اس عظیم وطن کو حاصل کرنے کیلئے جو قربانیاں دی تھیں ان کو بھی اجاگر کرنے کا دن ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے ایک مشترکہ پیغام میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو پاکستان کے قومی دن پر عہد کرنا ہوگا کہ ہم ملک کی سالمیت، خوشحالی اور ترقی کیلئے جدوجہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو حاصل کرنے کیلئے ہمارے بزرگوں نے بیشمار قربانیاں دیں اور بڑی جدوجہد کے بعد پاکستان دنیا کے نقشہ پر نمودار ہوا، اب معاشرے کے تمام افراد کا فرض بنتا ہے کہ وہ وطن کی سالمیت، خوشحالی اور ترقی کیلئے اپنے فرائض سرانجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس خوشی کے قومی دن پر ان شہدا کو نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے اس ملک کی آزادی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیکر قربانیاں پیش کیں انہی کی وجہ سے اس آزاد ملک کی آزاد فظاں میں زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آزادی کے 25 سالوں کے بعد قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا، تاکہ قرارداد پاکستان اور تحریکِ آزادی کے اغراض و مقاصد حاصل کیئے جاسکیں۔ پیپلز پارٹی نظریہ پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے اور قائداعظم کے ویژن کی وارث ہے،

پیپلز پارٹی اپنے ملک کے بانی اجداد کے خوابوں و ویژن کو شرمندہ تعبیر دینے کے لیئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاک فوج اور دیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہے ہم انہیں یقین دلاتے کہ پوری پاکستانی قوم انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی ملک کے دفاع اور سالمیت کے تحفظ کیلئے ہروقت تیار ہے اگر کسی بھی دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو پاکستان کے عوام انکے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہونگے۔