|

وقتِ اشاعت :   August 16 – 2023

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بنیادی منشور میں خواتین اور دیگر مظلوم طبقات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے پچھلے حکومت میں صدر آصف علی زرداری نے خواتین کو با اختیار اور مضبوط بنانے کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام سے ایک انقلابی پروگرام تشکیل دیاگیا تھا۔

جس سے آج پورے ملک میں لاکھوں غریب اور مستحق خواتین مستفید ہورہی ہیں یہ بات انہوں نے بدھ کو پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں پیپلز وومن ونگ بلوچستان کے صدر غزالہ گولہ، جنرل سیکرٹری زرینہ زہری، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ثناء درانی، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات بینظیر گولہ، میڈیا کوآرڈینیٹر فائزہ پوپلزئی، کوئٹہ ڈویژن کی صدر خدیجہ زہری، ڈسٹرکٹ کوئٹہ کی صدر بلقیس اعوان، جنرل سیکرٹری مریم راجپوت، کوئٹہ سٹی کی صدر نرگس مصطفٰی،عدیہ مختیار،پیپلز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم اچکزئی، رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خلجی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نئے بلدیاتی نظام کے تحت نئے ٹاونز اور یونین کونسل کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے اجلاس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل اور بلدیاتی انتخابات میں خواتین کا بہت اہم کردار ہے۔

اس اہم کردار کے پیش نظر خواتین پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں کوئٹہ 4 ٹاونز اور 170 یونین کونسل پر مشتمل ہے نئے بلدیاتی نظام کے مطابق ہر یونین کونسل میں ایک نشست خواتین کیلئے مختص کی گئی ہے۔

پھر ٹاونز میں خواتین کیلئے مزید مخصوص نشستیں مختص کی گئی ہے بہت بڑی تعداد میں خواتین کیلئے نئے بلدیاتی نظام میں مواقع فراہم کئے گئے ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین بلدیاتی نظام میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ابھی سے خود کو تیار کریں اور گھر گھر جا کر خواتین کو پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو کا پیغام پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کو خودمختیار بنانے اور مردوں کے برابر حقوق دلانے کے لیے سینٹ، قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے،

خواتین کے خلاف جبر تشدد کے خاتمے اور حقوق نسواں کے حوالے سے متعدد آئینی اصلاحات کو نافذ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بنیادی منشور میں خواتین اور دیگر مظلوم طبقات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔