|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2023

کوئٹہ:  نگراں وفاقی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ تشدد اور طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کو حاصل ہے ،

کسی بھی جتھے بنا کر تشدد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،

جڑانوالہ واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے گی ،

ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے ،

بلوچستان کے مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے نکل سکے تو یہ سب سے بہتر ہے، وڈھ معاملے کو قبائلی جرگے کے ذریعے حل کرنا چاہیے ۔یہ بات انہوں نے گورنر ہائوس کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سمیت کسی بھی مسئلے کا حل مفاہمت اور بات چیت کے ذریعے نکلے تو وہ سب سے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جتنے بھی عرصے کے لئے آئے ہیں اس میں کام کریں گے تشدد، شدت پسندی کے لئے کسی بھی قسم کی گنجائش نہیں موجود نہیں ہے اور اس پر زیرو ٹالیرنس سے کام لیا جائے گا طاقت اور تشدد کا حق صرف ریاست کے پاس ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وڈھ میں جاری تنازعہ صوبائی حکومت کے دائر ہ کار میں صوبے نے وفاق سے کسی بھی قسم کی فورس یا معاونت طلب کی تو ضرور دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نواب اسلم رئیسانی اور حاجی لشکری رئیسانی سے بھی اپیل کر تے ہیں کہ انہوں نے اس مسئلے کے حل کے لئے قبائلی جرگہ تشکیل دیا تھا وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور فریقین قبائلی جرگے کے ذریعے سے اس مسئلے کو حل کریں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کام کا دائرہ کار اگرچہ محدود ہے لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ عوام کی جان مال عزت آبرو کا تحفظ کریں کسی بھی قسم کے تشدد پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں ہمارے معاشرے میں کچھ عناصر ایسے ہیں جو اس قسم کے اقدامات کر رہے ہیں ہمیں انہیں اپنی صفوں سے نکالنا ہوگا یہ تمام لوگ حضور ﷺ کی تعلیمات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ میں ملوث عناصر کو سزا دیں گے ریاست مظلوموں کے ساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں الیکشن کمیشن کی معاونت ہمارا کام ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیاسی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) سمیت دیگر جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں ملاقات کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔