پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کےلیے 202 رنز کا ہدف دے دیا۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کی جادوگر اور تجربہ کار اسپن بولنگ کے سامنے قومی بیٹرز پریشانی کا شکار رہے۔
فاسٹ بولر فضل حق فاروقی نے اوپنر فخر زمان کو 2 رنز پر پویلین لوٹایا تو مجیب الرحمان نے بابر اعظم کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پاکستان ٹیم کو مشکلات میں دھکیل دیا۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 40 رنز پر گری جب محمد رضوان 21 رنز بنا کر 7.5 اوورز میں مجیب کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
اگلے بلے باز آغا سلمان تھے جنہوں نے صرف 7 رنز بنائے۔ وکٹ کی دوسری جانب موجود امام الحق کا ساتھ دینے کےلیے افتخار احمد کیریز پر آئے تو دونوں کے درمیان 50 رنز کی شراکت بنی۔
112 کے مجموعے پر افتخار احمد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد امام الحق اور شاداب خان کے درمیان 40 رنز کی پارٹنرشپ بنی اور ٹیم نے ڈیڑھ سو کا ہندسہ مکمل کیا، جہاں امام الحق اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔
نئے آنے والے بلے باز اسامہ میر صرف 2 رنز کے مہمان ٹھہرے جبکہ انکے بعد آنے والے شاہین آفریدی بھی اتنے ہی رنز بنا کر راشد خان کو وکٹ دے بیٹھے۔
9ویں وکٹ پر شاداب خان اور نسیم شاہ نے 35 رنز جوڑ کر ٹیم کا ٹوٹل 200 کے قریب کیا۔ شاداب خان 39 رنز بنا کر 198 کے مجموعے پر رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے 201 رنز پر آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز حارث رؤف تھے جو ایک رن بناسکے۔ دوسری جانب نسیم شاہ 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، محمد نبی اور راشد خان نے دو دو جبکہ رحمت شاہ اور فضل حق فاروقی نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ اچھا ٹوٹل کر کے افغانستان پر دباؤ بڑھائیں گے۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے جارہے اس میچ میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، آغا سلمان، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پاکستان ٹیم میں شامل ہیں۔
پہلے ون ڈے میچ میں افغانستان ٹیم کی قیادت حشمت اللّٰہ شاہدی کر رہے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 24 جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کھیلا جائے گا۔