|

وقتِ اشاعت :   August 23 – 2023

اسلام آباد :  چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون کے فروغ اور عوامی سطح پر رابطوں کے حوالے سے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان صحت، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر زور دیا۔

ملاقات میں موجودہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو متحرک کرتے ہوئے پارلیمانی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

چیئر مین سینٹ نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اورسازگار ماحول موجود ہیں۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے سرمایہ کاروں کو مراعات بھی دی جارہی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ کاروباری و معاشی روابط عوام کو مزید قریب لانے میں مدد گار ثابت ہونگے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کے استحکام میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ گوادر ایک نئے معاشی مرکز کی حیثیت سے ابھر رہا ہے،برطانوی سرمایہ کار گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ گوادر خطے کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد برطانیہ میں آباد ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔

ملاقات میں سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے۔

چیئرمین سینیٹ نے برطانوی ہائی کمشنر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان کی مہمان نوازی، سماجی و ثقافتی تنوع نے بہت متاثر کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ برطانیہ پاکستان کو اہم ملک تصور کرتا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔