|

وقتِ اشاعت :   August 23 – 2023

اسلام آباد:  چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے سی ای او کیسکو عبدالکریم جمالی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں صوبہ بلوچستان کو بجلی کی موثر، بلا تعطل اور قابل اعتماد فراہمی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بجلی کی موثر اور بلا تعطل فراہمی کے حوالے سے کیسکو کے سربراہ نے اپنی حکمت عملی اور اقدامات پیش کیے جن کا مقصدصوبہ بلوچستان میں بجلی کی تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانا ہے تاکہ خطے کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے صوبہ بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مستحکم اور پائیدار بجلی کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے صوبے کے رہائشیوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی اداروں اور پاور یوٹیلیٹیز کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

محمد صادق سنجرانی نے توانائی سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے اور صوبہ بلوچستان کے کونے کونے تک بجلی کی مستقل فراہمی کے مشترکہ اہدف کو حاصل کرنے کیلئے حکمت عملیوں کو ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو استعمال کرنے اور توانائی کی تقسیم اور کھپت کو بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

انہوں نے صوبہ بلوچستان کو توانائی سے متعلق درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

چیئرمین سینیٹ اورسی ای او کیسکونے خطے کے توانائی سے متعلق خدشات کو دور کرنے کیلئے تعاون، شفافیت اور موثر رابطے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے کیسکو کی کوششوں کی تعریف کی۔