|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2023

کوئٹہ :  ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے اعلیٰ سطح ایک وفد نے بی این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل واجہ جہانزیب بلوچ کی سربراہی میں ایچ ڈی پی کے مرکزی قائدین سے ہزارہ ٹائون میں ملاقات کی۔

ملاقات میں بلوچستان ،کوئٹہ شہر کی مردم شماری میں کمی ،آنے والے عام انتخابات ،کوئٹہ شہر کے بلدیاتی انتخابات ،نگران حکومت پر چیک اینڈ بیلنس سمیت ملک اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پرتفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں نے اس عزم کااعادہ کیا کہ بلوچستان اور کوئٹہ شہر کی ترقی وخوشحالی اور امن وامان کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائیگی دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے کہاکہ ایچ ڈی پی اور بی این پی نے اس سے قبل بھی انتخابات سمیت بلوچستان اور بطور خاص کوئٹہ شہر میں سیاسی ،سماجی ،قومی ہم آہنگی اور شہریوں اور اقوام کے درمیان مستحکم روابط اور رواداری کے فروغ کیلئے یکساں موقف اختیار کرکے مشترکہ جدوجہد کی ہے اور اس کا تسلسل جاری رکھاجائے گا۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں کے قائدین نے اس امر پر اتفاق کیاکہ بلوچستان اور کوئٹہ شہر کے جملہ حقوق کیلئے جماعتی روابط کو دوام دیاجائیگا مردم شماری میں صوبہ اور کوئٹہ شہر کے ساتھ ناانصافیوں پر ہم آوازہونگی کوئٹہ شہر کی چاروںٹائون میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں دونوں جماعتوں کے اتحاد پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھاجائیگا ۔

آنے والے عام انتخابات میں ممکنہ اتحاد پر بھی رابطے جاری رکھے جائیںگے بی این پی کے وفد میں مرکزی سیکرٹری جنرل واجہ جہانزیب بلوچ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک نصیر احمدشاہوانی ،مرکزی فنانس سیکرٹری اختر حسین لانگو، مرکزی پبلیکیشن سیکرٹری ڈاکٹرقدوس بلوچ ،سینٹرل کمیٹی کے ممبر واجہ ثنا بلوچ ،میر قاسم پرکانی جبکہ ایچ ڈی پی کی جانب سے مرکزی سیکرٹری جنرل احمد کوہزاد، وائس چیئرمین دوئم عزیز اللہ ہزارہ ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمدرضا ہزارہ ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات قادر نائل ،ارکان سینٹرل کونسل دائود چنگیزی اور عصمت یاری شامل تھے بی این پی کے وفد نے ایچ ڈی پی کو سردارعطاء اللہ مینگل کی برسی کی مناسبت سے سیمینار اور جلسہ میں شرکت کی دعوت بھی دی جسے ایچ ڈی پی نے قبول کرلی۔