|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2023

کوئٹہ:  پشتونخوامیپ کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے شالدرہ علاقائی یونٹ کے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیاسی اکابرین اور غیور عوام نے ہمیشہ انتہائی نامساعد حالات میں سرفروشانہ جدوجہد کے ذریعے حق کا پرچم بلند کیا اور ہم انکے نقش قدم پر چلتے ہوئے سامراجی، استعماری اور بالا دست قوتوں کے خلاف انتھک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اور عوام کو ہر قسم کے استحصال سے نجات دلاکر ظالم جابر اور مظلوم کی کشمکش میں مظلوموں کا ساتھ دینگے – انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک فیڈریشن ہے اور اس میں شامل تمام قوموں کو اس ریاست میں برابر کے حقوق اور اختیارات اور اپنے وطن انکے وسائل پر حق ملکیت اور حق حاکمیت کا حق حاصل ہیں۔

لیکن بدقسمتی سے اس ملک پر پہلے دن سے ہی پنجاب کے بالادست طبقات نے غلبہ حاصل کر لیا اور پشتون، بلوچ، سندھی ، سرائیکی محکوم قوموں اور پنجاب کے مظلوم عوام اپنے آئینی، قانونی اور ہر قسم کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیئے گئے ہیں اس ملک کی داخلی اور خارجی پالیسیوں پر صرف ایک صوبے کی سول و ملٹری بیوروکریسی، سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور انکے مراعات یافتہ طبقات کا غلبہ ہے جبکہ محکوم قوموں کا ہر قسم کی فیصلہ سازی میں کوئی کردار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں نام نہاد جمہوریت کی بجائے سول مارشلا مسلط ہے۔

اور پی ڈی ایم کے اتحاد نے ملکی سیاست میں آمرانہ قوتوں کی مداخلت ختم کرنے کی بجائے انکے ساتھ سازباز اور سمجھوتے کرکے پارلیمنٹ کو مزید بے توقیر کرکے رکھ دیا۔ پی ڈی ایم پارٹیوں نے غیر آئینی، غیر جمہوری اور انسانی حقوق ، تحریر و تقریر کے خلاف نام نہاد قانون سازی کرکے عوام کے جمہوری حقوق کو مزید یرغمال بنا دیا اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کا خود کو آمرانہ قوتوں کا نمائندہ قرار دینے کا دعوی پی ڈی ایم اتحاد اور اسکے تاریخی اعلامیہ، کارکنوں کی جدوجہد کو زائل کرنے کی شعوری کوشش و سازش تھی ۔ او ر اس سازش میں پی ڈی ایم کی پارٹیاں بھی شامل اور اس گناہ سے مبرا نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے بعد پی ڈی ایم حکومت نے مقننہ، انتظامیہ، عدلیہ، میڈیا سمیت تمام ملکی اداروں کو آمرانہ قوتوں اور انکے کاسہ لیسوں کے ہاتھوں یرغمال بنا کر ملک کو مزید سخت ترین بحران میں دھکیل دیا اور آخر کارنگران حکومتوں کے قیام کے آئینی سے بھی دستبردار ہوگئے اور ملک کے اقوام و عوام کی سالوں پر محیط جمہوری جدوجہد اور قربانیوں کو پامال کرکے رکھ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اس عوام دشمن پالیسیوں اور عوام دشمن اقدامات میں حصہ دار پارٹیوں کی نام نہاد ندامت اور پچھتاو ا عوام کو کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں اور نہ ہی انہیں عوام دشمن کردار پر معاف کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی بحرانوں کے باعث پہلے سے ہی ملک کے تمام سول ادارے مفلوج ہے ہر شعبہ زندگی میں حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے ، عوام کو کسی بھی شعبے میں ریلیف نہیں مل رہا، رشوت خوری، کرپشن، کمر توڑ مہنگائی، بے روزگاری اور سفارش کلچر نے عوام کو بدترین مایوسی میں مبتلا کرکے سنگین صورتحال سے دوچار کردیا ہے اور ان تمام حالات میں شعوری اور منصوبہ بند سازش کے ساتھ سیاست ، سیاسی جمہوری جدوجہد اور حقیقی جمہوریت کے قیام کے بیانیے کو مسلسل بدنام کیا جارہا ہے۔

ان تمام سازشوں کا مقصد نئے انداز میں عوام کے حق حکمرانی پر ایک دفعہ پھر ڈاکہ ڈالنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ملک کے قیام سے لیکر اب تک ہمیشہ ملک کی جمہوری سیاسی تحریکوں میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے قربانیوں سے لبریز جدوجہد کی ہے اور اس راہ میں شہدا کے نذرانے بھی پیش کیے ہیں۔

لیکن پشتونخوامیپ نے کبھی بھی اپنے بیانیے سے ہٹ کر جمہوری اصولوں پر سودا بازی نہیں کی ہے اور اب بھی اپنے اکابرین کے افکار کی روشنی میں جدوجہد جاری رکھے گی، انہوں نے کہا پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے دن رات محنت کرتے ہوئے پارٹی تنظیم کو مزید مضبوط، وسیع اور فعال بناتے ہوئے اپنے انفرادی اور اجتماعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا اور اپنے آپ کو عوام کے بے لوث خدمتگار ثابت کرنا ہوگا۔ اس سے پہلے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ سے منسلک شالدرہ علاقائی یونٹ کانفرنس کا بند اجلاس پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ علاقائی سیکرٹری رزاق بڑیچ نے گزشتہ کارکردگی کی مفصل رپورٹ پیش کی جسکا بغور جائزہ لیا گیا اور مندوبین نے اسکی منظوری دی۔

اس موقع پر انتخابات عمل میں لائے گئے جس میں حاجی سلام بڑیچ علاقائی سیکرٹری، غنی خان مومند سینئر معاون سیکرٹری سیمت17 رکنی ایگزیکٹیوز منتخب ہوئے۔ نومنتخب ایگزیکٹیوز سے صوبائی سیکریٹری فقیر خوشحال کاسی نے حلف لیا۔ کانفرنس کے شرکا سے پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات عیسی روشان، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، مرکزی سیکرٹری حاجی اعظم خان مسیزئی نے خطاب کیا جبکہ سٹیج سیکریٹری کے فرائض علی ترین اور ندا سنگر نے مشترکہ طور پر نبھائے۔ اس کانفرنس میں پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری قادر آغا، صوبائی سینئر نائب صدر اللہ نور خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات زمان خان، صوبائی رابطہ سیکرٹری
قیاس افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز پروفیسر اسد ترین، خلیل خان ترین، باز پشتون، حمداللہ بڑیچ ، عنایت خان اچکزئی، احسان آغاکے علاوہ مرکزی کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔