|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2023

کوئٹہ : نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں ہے ،بلوچستان نہ صرف قدرتی وسائل سے مالا مال ہے بلکہ اسکی اصل طاقت یہاں کی با صلاحیت افرادی قوت ہے۔

،صوبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیراعلی سیکرٹریٹ میں نگران وزیراعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کے درمیان ون آن ون ملاقات میں کہی، اس موقع دونوں رہنماوں نے بلوچستان سے متعلق اہم امور امن وامان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی ۔

 

ملاقات میں نگران وزیراعلی نے نگران وزیراعظم کو بلوچستان کے انتظامی امور پر بریفنگ دی ،نگران وزیرِ اعظم نے بلوچستان کے انتظامی امور، ترقیاتی منصوبوں سے تفصیلی بریفنگ پیش کرنے کی ہدایت کی ،نگران وزیر اعلی بلوچستان نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کا تاریخی دورہ بلوچستان دور رس نتائج کا حامل ہے اور یہ صوبے کی خوش نصیبی ہے کہ وزیراعظم کا تعلق بلوچستان سے ہے،انہوں نے کہا اس دورے سے بلوچستان کے عوام کی بہت سی توقعات وابستہ ہیں ۔

ہمیں امید ہے کہ یہ دورہ بلوچستان کے مسائل کے حل میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا ۔نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت ،سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری انتخابی عمل کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے، امریکی کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔امریکی سفیر نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان کے اقتصادی اور ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کے لئے امریکا کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں جن کی جڑیں باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور مشترکہ اقدار میں ہیں۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی حکومت کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن کی مدد کرے اور جمہوری طریقے سے اقتدار کی منتقلی کے حوالے سے آئینی تسلسل کو برقرار رکھے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے امریکا کے کردار کو سراہا اور پائیدار ترقی کے حصول کے لئے اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی نجی شعبے کی پاکستان کی اقتصادی ترقی میں معاونت میں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ مزید امریکی کمپنیاں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں گی اور خاص طور پر پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھائیں گی۔ وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستانی۔امریکی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔