|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2023

کوئٹہ: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ ملک کی مشکل معاشی صورتحال کے باوجود بلوچستان میں آبپاشی کے منصوبوں کی تعمیر میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کوکوئٹہ میں بلوچستان میں آبپاشی اور واٹر سپلائی کے منصوبوں پر پیشرفت کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس کو بلوچستان میں آبپاشی کے جاری منصوبوں، جن میں کچی نہر، پٹ فیڈر نہر، آواران ڈیم، گشکور ڈیم، وِنڈر ڈیم اور دیگر منصوبے شامل ہیں، پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان میں زراعت کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے مکمل طور پر فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔وزیراعظم نے بلوچستان میں آبپاشی اور واٹر سپلائی کے منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا اورکہاکہ ملک کی مشکل معاشی صورتحال کے باوجود ان منصوبوں کی تعمیر میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ آبپاشی کے معاملے پر بین الصوبائی تحفظات کو جلد دور کیا جائے گا تاکہ ملکی ترقی کا پہیہ تیز تر چل سکے اور وفاق مضبوط ہو۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں نگران وزیر اعلی بلوچستان علی مردان ڈومکی،نگران وفاقی وزرا سرفراز احمد بگٹی، شاہد اشرف تارڑ، سمیع سعید، صوبائی وزرا بلوچستان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔