|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2023

کوئٹہ: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے،کوئلے کی کانوں میں مزدوروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کوئلے کی کان کن کمپنیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔

وفد نے نگران وزیراعظم کو بلوچستان میں کوئلے کی کان کنی کی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ اور بلوچستان کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کرنے کے ویژن پر خرج تحسین پیش کیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وفد کو ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کمپنیوں کو ہدایت کی کہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی دوران کام حفاظت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے،

کان کنی میں بین الاقوامی معیار کو ملحوظِ خاطر رکھے بغیر ان معدنیات سے مطلوبہ فوائد حاصل نہیں کئے جا سکتے کوئلے کی کانوں میں مزدوروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلی بلوچستان میرعلی مردان ڈومکی،نگران وفاقی وزراء سرفراز احمد بگٹی، شاہد اشرف تارڑ، سمیع سعید، نگران صوبائی وزراء بلوچستان اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔