|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2023

تربت:  نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری، سابق چیئرمین ضلع کونسل کیچ حاجی فداحسین دشتی سے بارڈر ٹریڈ سے متعلق وفد نے ملاقات کی،

وفد میں ڈپو ٹریڈ یونین کے صدر فداحسین دشتی،بارڈر ٹریڈ یونین کے صدر غلام جان شمبے زئی،

حاجی علی بخش، کمال واحد ودیگر شامل تھے۔

ملاقات میں بارڈر ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

وفد نے انہیں بتایا کہ بارڈر یہاں کے لوگوں کا اہم ترین ذریعہ معاش ہے مگر گزشتہ کچھ عرصہ سے بارڈر سے منسلک گاڑی مالکان وڈرائیورمسلسل نقصان کا سامنا کررہے ہیں۔

جبکہ ٹوکن مافیا اورلین مافیا گھر بیٹھے لاکھوں کروڑوں روپے کمارہے ہیں،

گاڑی مالکان نے اپنی زندگی کی جمع پونجی لگائی ہے، ڈرائیور محنت مشقت کرکے بھوک پیاس اورتکالیف برداشت کرکے بارڈر پر جاتے ہیں مگر فائدہ ٹوکن اور لین مافیا اٹھاتے ہیں اب اس سلسلے کو بند کرانا ہوگا۔

کیونکہ اس طرح بارڈر کا فائدہ یہاں کے محنت کشوں کے بجائے مافیا کے لوگ اٹھارہے ہیں،ملاقات میں بارڈر ٹریڈ کے حوالے سے الائنس کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اورتمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ ملاکر چلنے کا عزم کیا گیا۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فداحسین دشتی نے وفد کو یقین دلایاکہ نیشنل پارٹی بارڈر معاملات سے متعلق ہرممکن تعاون اورسپورٹ کیلئے تیارہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ بارڈر سے بالواسطہ اوربلاواسطہ لاکھوں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے،

بارڈر کے حوالے سے ایک ایسے میکنزم کی ضرورت ہے کہ جس کا فائدہ براہ راست محنت کش اور عام عوام کو مل سکے نہ کہ ٹوکن اورلین مافیا فائدہ اٹھائے اور غریب محنت کش نقصان اٹھائے۔

انہوں نے کہاکہ انتظامیہ اپنی کرپشن کو خدارا ختم کرکے بارڈر پر عام لوگوں کو روزگارکرنے دے کیونکہ یہاں پر بارڈرکے سوا روزگار کاکوئی متبادل ذریعہ نہیں ہے اگر بارڈر پر بھی لوگ دو وقت کی روزی نہ کماسکیں تو یہ المیہ سے کم نہیں۔

حاجی فداحسین دشتی نے اس بات پر اتفاق کیاکہ بارڈر ایشوز سے متعلق بارڈر کاروبار سے وابستہ ودیگر اسٹیک ہولڈرز کا ایک الائنس تشکیل پائے۔ حاجی فداحسین دشتی نے کپکپار ودیگر کراسنگ پوائنٹس کھولنے کابھی مطالبہ کیا اورکہاکہ جتنے زیادہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھلیں گے اتنی زیادہ عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔