|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2023

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع اورجنرل سیکرٹری سید آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتی ہے ،

جب تک ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر نہیں ہونگے۔

 اس وقت تک حالات بہتری کی طرف نہیں جائیں گے،

الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ عام انتخابات کو بروقت یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جمعیت علماء اسلام صوبے کے وسائل اور ان کی ترقی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ،

بہت جلد صوبے بھر کا دورہ کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت کے ذمہ داران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں مہنگائی کی شرح بہت بڑھ گئی بجلی کی بلوں میں اضافے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام احتجاج پر مجبور ہو گئے اور نگران حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں کیونکہ عوام اب مزید مہنگائی کو برداشت نہیں کرسکتے۔

اس لئے عوام کو ریلیف دینے کیلئے جلدازجلد اقدامات کیے جائیں آئی ایم ایف کو خوش کرنے کی بجائے عوام کو ریلیف فراہم کریں اگر عمران خان کی حکومت عوام کو ریلیف دیتے تو آئی ایم ایف کے ساتھ غلط معاہدے نہ کرتے تو آج یہ صورتحال پیدا ہوتی۔

انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام اس لئے عوام سے مطالبہ کرتی ہے کہ عام انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کو کامیابی سے ہمکنار کریں تاکہ اس وقت جو مشکلات درپیش ہیں۔

ان کے خلاف خاتمے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ملک مہنگائی کا متحمل نہیں ہوسکتا اور جتنے جلدی ممکن ہوسکے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائی جائے۔

اگر ایسا نہ ہوا تو ملک مزید معاشی حالت سے دوچار ہوں گے جمعیت علماء اسلام مطالبہ کرتی ہے کہ گیس،بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔