|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2023

کوئٹہ : پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پارٹی کو ازسرنو منظم کرکے عوام کے امنگوں کو پورا کیا جائے گا اور پشتونخوا وطن پر مسلط دہشتگردی کے خاتمے، قومی وسائل پر واک و اختیار اور ایک آزاد اور جمہوری معاشرے کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی اور اسے کامیابی سے ہمکنار کریگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی حالت کو اس نہج پر پہنچا دیا گیا ہے کہ اب نہ تو ہمیں بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں اور نہ ہی اس ملک کے شہری کے طور پر قبول کیا جارہا ہے

ہم ملک اور بیرون ملک روزگار کی تلاش میں مسافرت پر مجبور ھے جبکہ قدرتی وسائل سے مالامال وطن کے ہر نعمت سے محروم ہے۔

ہمارے تمام وسائل کی لوٹ جاری ہے اور جب ہم اپنے حقوق اور وسائل پر اختیار کی بات کرتے ہیں تو ہمیں خاموش کرانے کیلئے ہر قسم کے منفی حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر کررہے ہیں

اور سیاست میں ایسے مثالی اور مثبت اقدار کو فروغ دینگے کہ جس میں ذاتی، خاندانی، گروہی مفادات کی بجائے اجتماعی قومی مفادات کو ہر قیمت پرمقدم رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ انفرادیت اور موقع پرستی کے خلاف اجتماعی شعور کو فروغ دینے کیلئے انتھک محنت کی جائیگی تاکہ مستقبل میں عوام موقع پرستوں اور سیاست کیلئے بدنامی کا سبب بننے والے عناصر سے باخبر ہوکر انکا احتساب کرسکے۔

اس سے پہلے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کچ احمدون اور سارو علاقائی کانفرنسز کے بند اجلاس پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کی صدارت میں منعقد ہوئے۔ کچ احمدون علاقائی یونٹ کی گزشتہ کارکردگی کی رپورٹ سیکرٹری ڈاکٹر نسیم اور سارو علاقائی یونٹ کی رپورٹ عزیز احمد کاکڑ نے پیش کیں۔

کانفرنسز کے مندوبین نے رپورٹس کا جائزہ لیا اور اسکی منظوری دی۔ اس موقع پر انتخابات عمل میں لائے گئے جس کے مطابق کچ احمدون کے علاقائی سیکرٹری ڈاکٹر نسیم، سینئر معاون سیکرٹری احسان اللہ سمیت 17 رکنی ایگزیکٹیوز منتخب ہوئے اسی طرح سارو علاقائی سیکرٹری عزیز احمد کاکڑ اور سینئر معاون سیکرٹری نور احمد سمیت ایگزیکٹیوز منتخب ہوئے۔ نومنتخب ایگزیکٹیوز سے پارٹی کے صوبائی صدر نصر اللہ خان زیرے نے حلف لیا۔ ڈاکٹر نظام الدین پانیزئی اور لطیف کاکڑ نے اشعار پڑھے جسکو کانفرنس کے شرکا نے خوب داد دی۔