|

وقتِ اشاعت :   August 28 – 2023

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے ترجمان سردارسربلندجوگیزئی نے واپڈاکی جانب سے صارفین کو بھاری بل بھجوانے پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ غریب عوام کو ہزاروں روپے کے بل بھیجے جارہے ہیں جسے جمع کرنے کی عوام استطاعت نہیں رکھتے۔

اور وہ خودکشیاں کررہے ہیں نگران وفاقی حکومت اور واپڈا فوری طور پرعوام کو بلوں پرریلف فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات اٹھائیں۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ ملک میں عوام پہلے سے ہی مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں جب دوسری طرف واپڈا کی جانب سے لوگوں کو بھاری بھر کم بل بھیجے جارہے ہیں ۔

جنہیں جمع کرانا عوام کے بس کی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف ملک بھر میں عوام اور تاجر سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے بجلی کے بل جمع نہ کرانے کااعلان کررہے ہیں جو کسی بھی طرح ملک کے مفادمیں نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ نگران حکومت نے اگر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات نہ اٹھائے تو احتجاج پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی نگران وفاقی حکومت اور واپڈاحکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر عوام کو بجلی کے بلوں پرریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر عوام کااحتجاج کنٹرول سے باہر ہوجائے گاجوکسی بھی طرح ملک کے مفادمیں نہیں ہوگا۔