اسلام آباد : چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ ، چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات میں مکمل تعاون یقین دلایا ہے
جس پر الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ الیکشن کوشفاف اور غیر جانبدارانہ کروانا الیکشن کی بنیادی ذمہ داری ہے اس سلسلہ میں پہلا قدم اْن تمام عہدیداران و افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ ہے جو مصفانہ الیکشن کے نقطہ نظر سے اہم ہیں۔
الیکشن کمیشن کے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق دو اہم اجلاس منگل کو ہوئے۔ پہلا اجلاس دوپہر 12بجے چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ کے ساتھ ہوا جبکہ دوسرا اجلاس دوپہر ایک بجے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان کے ساتھ ہوا۔
اجلاس کی صدارت سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر نے کی۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ، چیف سیکرٹری سندھ ، آئی جی سندھ ، چیف سیکرٹری بلوچستان ، آئی جی بلوچستان ، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ ، بلوچستان اور دیگر سینئر افسران نے شر کت کی۔
چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ نے الیکشن کمیشن کو آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق بریف کیااور الیکشن کمیشن کو آئندہ انتخابات کے دوران ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ پر واضح کیا کہ الیکشن کوشفاف اور غیر جانبدارانہ کروانا الیکشن کی بنیادی ذمہ داری ہے
اِس سلسلہ میں پہلا قدم اْن تمام عہدیداران و افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ ہے جو مصفانہ الیکشن کے نقطہ نظر سے اہم ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اِس سلسلے میں ہدایات بھی جاری کی ہوئی ہیں۔
دراصل پوسٹنگ / ٹرانسفر شفافیت کی طرف پہلا قدم ہے۔ اس کے بعد ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروں ، ریٹرننگ آفیسروں ، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسروں اور مانیٹرننگ ٹیموں کی تعیناتی ہونی ہے۔ کمیشن کے پاس بہت کم ٹائم ہے لہذا الیکشن کمیشن نے اِس پر مایوسی کا اظہار کیا اور ہدایات جاری کیں
کہ جلد از جلد ٹرانسفر / پوسٹنگ کی تجاویز الیکشن کمیشن کو بھیجی جائیں تاکہ اس قلیل وقت میں الیکشن کیلئے باقی ماندہ اقدامات جلد ازجلد کیے جاسکیں۔
الیکشن کمیشن نے اِس اجلاس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی کو مکمل سرپرستی اور تحفظ کا یقین دلایا۔دوسرے اجلاس میں چیف سیکرٹری ، آئی جی بلوچستان اورصوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تیاریوں سے متعلق بریف کیا۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے کمشنروں ، ڈپٹی کمشنروں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کی پوسٹنگ /ٹرانسفر کی تجاویز الیکشن کمیشن کو بھجوائی گئی ہیں
اس تجویز میں افسران کی کارکردگی اور میرٹ کو سامنے رکھا گیا ہے۔ اور دیگر پوسٹنگز / ٹرانسفرز کو بھی میرٹ پر الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ مجوزہ پولنگ اسٹیشن کی بلڈنگز کی مرمت کویقینی بنایا گیا ہے ۔
آئی جی بلوچستان نے الیکشن کمیشن کو صوبہ کی امن وامان کی صورتحال اور آئندہ الیکشن میں حکمت عملی سے متعلق بریف کیا۔ الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اورآئی جی بلوچستان کو غیر جانبدارانہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کی تلقین کی اور انہیں یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن انہیں ہر ممکن معاونت مہیا کرئے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک غیر جانبدار ادارہ ہے اور الیکشن کے تمام مراحل آئین وقانون کی روشنی میں پرامن اورغیر جانبدارانہ انداز میں مکمل کئے جائیں گے۔