|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2023

کوئٹہ: نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان محمد اچکزئی نے کہا ہےکہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی کی ضامن ہے جن کو درپیش مشکلات کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں.

،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا حکومت اور تاجروں کے مابین پل کا کردار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کوایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات جان محمد اچکزئی ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان پہنچے تو چیمبر کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی ودیگر نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو مختلف مشکلات اور چیلنجز درپیش ہیں

جن کا حل وقت کی اہم ضرورت ہے مقامی ٹریڈرز ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بارڈر و بارٹر ٹریڈ کو تمام تر مشکلات کے باوجود جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ مال بردار گاڑیوں سے پنجاب اور سندھ میں اسپیڈ منی کی وصولی اور حال ہی میں مال بردار گاڑی کو نقصان پہنچانے کے واقعہ نے تجارت سے وابستہ افراد کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے

حکومت اور سیکورٹی فورسز تجارت پیشہ افراد کی جان و مال کے تحفظ کو ممکن بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ تجارت پیشہ افراد اضطراب کی کیفیت سے باہر آسکے۔

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان محمد اچکزئی نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کی صوبے میں قانونی تجارت کے فروغ کیلئے کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی وہ ملک اور صوبے کی معاشی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا ملک و صوبے کی معاشی ترقی میں کردار انتہائی اہمیت کی حامل ہے

ہمیں صوبے کی صنعت وتجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات و چیلنجز کا ادراک ہے اس سلسلے میں صوبے کی بزنس کمیونٹی کی آواز کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں کوئی لمحہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بارڈر اور بارٹر ٹریڈ اور مال بردار گاڑیوں کے تحفظ سے متعلق انہیں جو تجاویز دی گئی ہیں انہیں اولیت دی جائے گی انہوں نے یقین دلایا کہ نگران صوبائی حکومت بزنس کمیونٹی کے مشکلات کے حل کیلئے ہمہ وقت اقدامات کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا حکومت اور تجارت پیشہ افراد کے درمیان پل کا کردار ہے جسے اس کے عہدیداران و ممبران نے بخوبی نبھایا ہے۔انہوں نے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔