|

وقتِ اشاعت :   August 31 – 2023

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کا عمل اس سال چودہ دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا آئندہ عام انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں سے مشاورت کاسلسلہ جاری ہے، آج چیف الیکشن کمشنر سے مسلم لیگ ق ، تحریک لبیک پاکستان، عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔

 
 

عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفود سے ملاتوں کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے عمل کا دورانیہ مزید کم کرنے کا خواہاں ہے ، حلقہ بندیوں کا عمل اس سال چودہ دسمبر تک مکمل ہو جائے گا،اور اس کے فوراً بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

 

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں تحریک لبیک پاکستان کے وفد نے کہا کہ ریٹرننگ افسرعدلیہ سے نہ لئےجائیں،وہ الیکشن بہترطریقے سےنہیں کراسکتے اورحلقہ بندیاں جلد مکمل کرنے کیلئے عملہ بڑھانے کا مطالبہ کیاہے ۔

تحریک لبیک پاکستان کے رہنما چودھری رضوان سیفی کا کہنا تھا کہ جو آئین ہے آئین پہ عمل درآمد کرتے ہوئے الیکشن ان ٹائم ہونا چاہیے ۔

ق لیگ کے وفد نے الیکشن کمیشن کے نئی حلقہ بندیوں کےفیصلےکی تائیدکرتے ہوئے کہاکہ ملکی مسائل کا حل معیشت کی بہتری ہے انتخابات نہیں ۔

رہنما ق لیگ غلام مصطفی ملک نے کہا کہ الیکشن90 روز کے اندر ہوں یا 190 روز کے اندر ، لیکن صاف اور شفاف ہونے چاہیے اور اس میں تمام سیاسی جماعتوں کو بھرپور انداز میں اپنا لائحہ عمل اور منشور عوام کے سامنے رکھنے کی کھلی اجازت ہونی چاہیے ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیوں کے عمل کا دورانیہ کم کرنا زیرغورہے،حلقہ بندیوں کے فوری بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق پر سیاسی جماعتوں سے الگ مشاورت ہوگی ۔

اعلامیہ کے مطابق نادراکےساتھ مل کرفوت شدگان کوانتخابی فہرستوں سےنکالا جا رہا ہے، جبکہ انتخابی مہم اوراخراجات کی باقاعدہ مانیٹرننگ بھی ہوگی ۔