کوئٹہ : بلوچستان بار کونسل، بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن بار نے مہنگی بجلی اور بدترین مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی کل 2 ستمبر بروز ہفتہ کی جا نے والی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔
تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ روز جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی نے بلوچستان بار کونسل،بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک کی تاریخ کی بدترین مہنگائی کے خلاف مورخہ 2 ستمبر 2023 بروز ہفتہ پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے۔
وکلاء برادری کو بھی بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جس پر بلوچستان کے تمام بار باڈیز نے متفقہ طور پر جماعت اسلامی کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا ۔
حکمرانوں کے ناعاقبت اندیش فیصلے ملک وقوم دونوں کے لیے نقصان کا باعث بن رہے ہیں، ملک میں اس وقت پہلے ہی سب سے بڑامسئلہ مہنگائی اور بے روزگاری کا ہے بلوچستان کے وکلاء حکمرانوں کے اس عوام دشمن رویے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور اپنی قوم کے ساتھ ہیں اور ان پر بجلی بلوں کے نام پر مہنگائی کے اس بدترین حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے۔
حکومت کو انتباہ کرتے ہیں کہ وہ اس ظلم کو فوری ختم کرے قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بلوچستان بار کونسل اور بار ایسوسی ایشنز نے 2 ستمبر 2023 کو پورے صوبے میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔