|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2023

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلو چستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کی بے بسی نے عوام کو خوف میںمبتلاکر دیا ہے ، بلو چستان کو ڈوبانے والے آج خود کہہ رہے ہیں کہ بلو چستان ڈوب گیا ہے ، جماعت اسلامی بلو چستان کے زیر اہتمام 24ستمبر کو گورنر ہائوس کوئٹہ کے سامنے مہنگائی اور آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو ڈاکٹر عطاء الرحمن، پرو فیسر سلطان کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ مولانا عبد الحق ہا شمی نے کہا ہے کہ ملک کو بحرانوں کی دلدل میں دھکیل کر اب سابقہ حکمران اپنی کرپشن چھپانے کی کوششوں میںمصروف ہیں ، نگراں حکومتوں کے ہاتھ پائوں بند ہیں جس کی وجہ سے وہ عوام کو ریلیف فراہم نہیں کر سکتے ہیں،

نگراں حکومت کو حوصلے کے ساتھ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کی کوشش کر نی چاہیے نا کہ وہ عوام کے سامنے اپنی بے بسی کا مظاہرہ کریں ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کوشش ہے کہ وہ عوام میں شعور پیدا کریں تاکہ عوام اپنے دشمنوں کو پہنچا ن سکیں سابقہ حکومتوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدات کر کے ملک کو دبانے کے دھانے پر لا کھڑا کر دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ غریب عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے ملک کے اشرافیہ کے مراعات کم کئے جائیں بلوچستان کو ڈوبانے والے آج کہہ رہے ہیں کہ بلو چستان ڈوب گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی بلو چستان کے زیر اہتمام مہنگائی اور آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے معاہدوںکے خلاف 24ستمبر کوگور نر ہائوس کوئٹہ کے سامنے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک بالخصوص بلو چستان میں ہو نے والی کرپشن کے بے نقاب کر نے کے لئے وائٹ پیپر لا نے کا بھی فیصلہ کر لیاہے جلدہی لانگ مارچ سمیت پاور جنریشن کانفرنس کی کال بھی دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سیا سی محکموں میں بجلی کی چوری عام ہو چکی ہے لیکن نوٹس لینے والا کوئی نہیں دوسری جانب غریب عوام کو انکی تنخواہوں سے زیا دہ بجلی کے بل تھماکر انہیں خود کشی کر نے پر مجبور کر دیا گیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت کاپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے کا کوئی ارادہ نہیں حکومت کی جانب سے بے بسی کا اظہارکر نے سے عوام میں خوف پیدا ہو چکا ہے جو کہ قابل مذمت ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جن حکمرانوں نے عوامی منڈیٹ کو نقصان پہنچایاوہ قابل تعریف نہیں ہیں۔