|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2023

کوئٹہ :  وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ امن وامان کا قیام اور صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری اولین ترجیح اور بنیادی ذمہ دای ہے نگران صوبائی حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق ذمہ داریاں ادا کررہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان بار کونسل کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

جس نے راحب خان بلیدی ایڈوکیٹ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپنی مختصر مدت کے دوران تمام مکاتب فکر کو ساتھ لیکر چلیں انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدل و انصاف کے ذریعے ہی عام آدمی کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

سائلین کو انصاف دلانے میں وکلاء کا بہت بڑا کردار ہے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی وکلاء برادری کامتحرک و فعال کردار ایک صحتمندانہ معاشرے کا عکاس ہے اس موقع پر وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیاگیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق نئے وکلاء کی ووکیشنل ٹریننگ لازم قراردی گئی ہے بلوچستان میں اس وقت آٹھ لاء کالج ہیں جن سے سالانہ سات سے آٹھ سو طلباء قانون کی تعلیم سے فارغ التحصیل ہوتے ہیں۔

جن کی ٹریننگ کیلئے صوبائی حکومت کی معاونت کی ضرورت ہے نگران وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت وکلاء برادری کی فلاح و بہبود اور نئے وکلاء کوتربیتی سہولیات کی فراہمی میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔