|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2023

کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے بلوچستان بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صحت و صفائی کی غیرتسلی بخش صورتحال، گیس و بجلی کے صارفین کی اوور بلنگ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے حوالے سے تمام عوامی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کرنے کی ہدایت کی.

انہوں نے کہا کہ شدید مہنگائی سے گیس اور بجلی کے گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ عوام کی معاشی مشکلات میں کمی لانے کیلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائے.

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. ملاقاتوں میں کئی نمائندہ افراد نے اپنی شکایات اور اپنے مطالبات گورنر بلوچستان کے سامنے پیش کیے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان کے عوام زیادہ مسائل کے شکار ہیں.

صوبے میں کارخانوں اور فیکٹریوں کے فقدان کے باعث روزگار کے مواقع محدود ہیں. عالمی وبا کروناوائرس اور اس کے بعد تباہ کن بارشوں نے صوبے بھر کے عوام کو کئی مشکلات اور خدشات سے دو چار کر رکھی ہیں. لہٰذا عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات سے ہی عوامی شکایات کا ازالہ بروقت ممکن ہوسکے گا.